اسد عمر کو قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کا رکن بنا دیا گیا


اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر کوقائمہ کمیٹی برائےخزانہ  کا رکن بنا دیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کی تشکیل نو کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو کمیٹی برائےخزانہ کا رکن بنا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سید باسط احمد سلطان کی جگہ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے جبکہ فیض اللہ کی جگہ کمیٹی کا چئیرمین بنایا جائے گا۔

اسد عمر کمیٹی کو چیئرمین بنانے کے لیے پیر کو فنانس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑ دی، کوئی عہدہ نہ لینے کا اعلان

ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے چیف ویپ عامر ڈوگر کو اس متعلق ہدایات بھی دے دیں تھیں جس پر آج عملدرآمد کیا گیا اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

یہ پیشرفت اسد عمر اور عمران خان کی اس ملاقات  کے بعد ہوئی جس میں سابق وزیرخزانہ نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا جبکہ عمران خان نے انہیں کابینہ میں شمولیت کی دعوت دی تاہم اسد عمر نے  کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں۔

یاد رہے گزشتہ ماہ  سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے یہ بات سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی تھی  اور لکھا تھا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔


متعلقہ خبریں