لندن: مسلح نقاب پوش کی مسجد میں داخلے کی کوشش ناکام



برطانیہ: لندن کی مسجد میں دوران تراویح نمازیوں نے مسلح شخص کے داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔ نامعلوم مسلح ملزم فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق لندن میں واقع ’سیون کنگ مسجد‘ میں دوران تراویح نامعلوم مسلح ملزم نے داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں موجود نمازیوں نے اسے ناکام بنادیا۔

ذرائع ابلاغ نے عینی شاہدین اور علاقہ پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزم نے اپنا چہرہ نقاب سے ڈھانپ رکھا تھا جس پرنمازیوں کو شک ہوا۔

مسلح ملزم نے اپنی کوشش میں ناکام ہونے پرمسجد کے باہر ایک فائر کیا اور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔ علاقہ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقع میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کے واقع کی اطلاع ملتے ہی میٹرو پولیٹین پولیس کے افسران و اہلکار بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے نامعلوم ملزم کی تلاش کے لیے چھان بین شروع کردی۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے عینی شاہدین سمیت اطراف میں نصب سیکیورٹی کیمروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

میٹرو پولیٹین پولیس حکام نے فائرنگ کے واقع کے بعد سیون کنگ مسجد کے اطراف سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے اور ساتھ ہی دیگر مساجد کی سیکیورٹی بھی بڑھائی گئی ہے۔

برطانیہ میں مساجد اور مسلمانوں کے خلاف پیش آنے والے پرتسدد واقعات میں تسلسل کے ساتھ گزشتہ سالوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عالم اسلام میں آج رمضان المبارک کا پہلا جمعہ مذہبی عقیدت و احترام سے منعقد ہو رہا ہے جس میں علمائےکرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارگی اور رواداری کا درس دے رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں بھی سفید فام نسل پرست دہشت گرد نے جمعہ المبارک کے دن ہی اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد افراد کو شہید اور 47 کو زخمی کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں