خان صاحب اسمبلی توڑکرمڈٹرم الیکشن کراسکتے ہیں،منظور وسان

عمران کے لیے خطرے کی گھنٹی بچ چکی، پلان بی بڑا خطرناک ہے: منظور وسان

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور ’سیاسی خواب‘ دیکھنے کے حوالے سے ملک گیر شہرت کے حامل منظور وسان نے کہا ہے کہ ایسے حالات بھی پیدا ہوسکتے ہیں کہ خان صاحب اسمبلی توڑ دیں اور مڈٹرم الیکشن کرائیں۔

ہم نیوز کے مطابق منظور وسان نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کچھ قوتوں کی کوشش ہے کہ ٹیکنوکریٹ کے ذریعے حکومت چلائی جائے۔

سابق صوبائی وزیر منظور وسان نے دعویٰ کیا کہ عید الفطر کے بعد عمران خان کی مشکلات مزید بڑھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جس انداز سے کہہ رہے ہیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اس سے لگتا ہے کہ کچھ تو دال میں کالا ہے۔

پی پی پی کے سینئر رہنما نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں گورنر سے بیانات دلانے کا مقصد ملک کو توڑنے کی سازش کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر آئی ایم ایف کا کنٹرول ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاکستان کا گورباچوف مانتے ہیں۔

منظور وسان نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف پہلے وطن واپس نہیں آنا چاہ رہے تھے لیکن اب واپس آئیں گے۔

انہوں نے پیشن گوئی کی کہ ہوسکتا ہے کہ میاں صاحب کو آئندہ ایک دو ماہ میں عدالتوں سے ریلیف مل جائے تاہم ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف الیکشن نہیں لڑیں گے اب ان کی جگہ مریم نواز جگہ لیں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کام نہیں کرنا ہے بلکہ اپوزیشن کو چھیڑنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا مشورہ ہے کہ آپ تو جا رہے ہیں اچھا ہوگا اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں۔

منظور وسان نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے ذریعے ملک کو توڑنے کی سازش کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم کا عھدہ چھوڑکر بھاگ جائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے سوال پرپاکستان کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا کہ ہمارا فیصلہ عدالت کے ہاتھ میں ہے۔ اپنے کیس کی تفصیلات بیان کرت ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقامہ 2012 میں لیا، 2013 میں فارم میں بھرا چھپایا نہیں اور 2015 میں ختم کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقامہ کی وجہ سے کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی لیکن میں الیکشن بھی نہیں لڑسکا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر الزام لگایا گیا ہے تو نکال لیں پیسے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتساب سے نہیں ڈرتے ہیں۔

پی پی پی کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا کہ حکومت جنرل مشرف کو بھی تو واپس لائے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ان کو کیوں نہیں لایا جارہا ہے؟


متعلقہ خبریں