گوجرانوالہ:ایک اورلڑکی چین سے بھاگ کر  پاکستان پہنچ گئی


چینی شہریوں کا پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرنے کا معاملے میں نت نئی کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔ گوجرانوالہ کے نواحی علاقے کی رہائشی ایک لڑکی چین سے بھاگ کر  پاکستان واپس پہنچ گئی۔

گوجرانوالہ میں تین دنوں میں  چینی گروہ کا شکار بننے والی یہ تیسری متاثرہ لڑکی سامنے آئی ہے۔ چینی گروہ کا شکارلڑکی گوجرانوالہ کے نواحی علاقے  کچی فتو منڈ ی سے تعلق رکھتی ہے۔

کچی فتو منڈی  کی رہائشی  لڑکی کے بارے میں پتہ چلاہے کہ وہ بھی چین  سے بھاگ کر  گوجرانوالہ پہنچی ہے ۔ لڑکی   کی شادی گزشتہ سال اکتوبر میں لی تاؤنامی چینی شہری  سے کروائی گئی تھی۔ 

چین سے بھاگ کرآنے والی لڑکی نے گوجرنوالہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ اسکا ایک روبنسن نامی  محلہ دار نے اسکے والدین کو سبز باغ دکھا کر اسکی  شادی لی تاو سے کروائی۔ 

ہم نیوز سے گفتگو میں متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا  کہ اسکا چینی شوہر  لی تاؤ اسے چین  میں تشدد کا نشانہ بھی بناتا تھا۔لڑکی نے بتایا کہ اسکے چینی شوہر لی تاؤنے اسکا پاسپورٹ اور ضروری دستاویزات بھی چھین لئے تھے۔ 

لڑکی نے بتایا کہ اس نے  نے پولیس میں کیس کیا اور پاکستانی سفارت خانے کی مدد سے واپس پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

شادی کے جھانسے میں انسانی اسمگلنگ  کے معاملے پر چینی سفارتخانے کا بیان سامنے آیاہے ۔ چینی سفارتخانے کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ چین پاکستانی اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان چینی سفارتخانے کی طرف سے کہا گیاکہ کسی کو بھی کراس بارڈر شادی کے لبادے میں جرائم کے ارتکاب کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔چین قانونی شادیوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کا حامی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین کی وزارت پبلک سیکیورٹی نے پاکستانی حکام سے تعاون کیلئے ٹاسک فورس پاکستان بھیجی ہے۔چین دوطرفہ تعلقات اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں پاکستان کیساتھ تعاون کو مزید وسیع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے:انسانی اسمگلنگ کا معاملہ،عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں، ترجمان چینی سفارتخانہ

چینی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین میں ان خواتین میں سے کسی سے جبری غیر اخلاقی کام نہیں کروائے گئے۔ان خواتین کے جسمانی اعضا کی اسمگلنگ کی اطلاعات بھی غلط ہیں۔میڈیا پر آنے والی ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں۔


متعلقہ خبریں