پاکستان تحریک انصاف کو مزید مضبوط و فعال بنانے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کو مزید مضبوط و فعال بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کو مزید مضبوط و فعال بنانے کی ٹھان لی ہے۔ اس ضمن میں اہم فیصلے کرنے اور مختلف رہنماؤں کو تنظیمی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے لیے اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آفس میں آج شام چار بجے اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق شام کو طلب کیے گئے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم کو مکمل کرنے سے متعلق اہم فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

اجلاس کے حوالے سے ہم نیوز کو پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لیے مخدوم شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیریں مزاری، فواد چودھری، ندیم افضل چن، فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر وفاقی وزرا اور پارٹی کے مرکزی عہدیداران کو طلب کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد داد سمیت دیگر مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق باہمی مشاورت کے بعد وزیراعظم عمران خان مرکزی رہنماؤں کو پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق فیصلے کرتے ہوئے اہم اہداف سپرد کریں گے اور دیگر ضروری امور سے متعلق ہدایات بھی دیں گے۔


متعلقہ خبریں