سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرا ون ڈے انگلینڈ کے نام


پاکستان کی جانب سے سخت مقابلے کے باوجود انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں گرین شرٹس کو 12 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ساؤتھ ہیمپٹن میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ کی جانب جوس بٹلر نے برق رفتار سنچری اسکور کرتے ہوئے محض 55 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔

اپنی شاندار اننگز کے دوران انہوں نے 6 چوکے اور 9 فلک شگاف چھکے لگاکر پاکستانی گیند بازوں کو شدید پریشانی میں مبتلا رکھا۔

ان کے علاوہ جیسن روئے 87 اور کپتان اوئن مورگن 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیے:بارش کی وجہ سے پاک-انگلینڈ پہلا ون ڈے منسوخ

پاکستانی گیند بازوں کی میدان کے چاروں اور انگلش بلے بازوں کی جانب سے پٹائی کی گئی۔ شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے گرین شرٹس کو 92 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان نے 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 12 چوکے اور چار چھکے لگائے۔

ان کے علاوہ بابر اعظم اور آصف علی نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔

تاہم اختتامی اوورز میں انگلینڈ کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث پاکستانی ٹیم ٹاپ آرڈر کے آغاز کے باوجود اپنے مقررہ اوورز میں 361 رنز ہی بنا پائے اور اس طرح 12 رنز سے شکست ہوئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی اور لائم پلنکٹ دو، دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ 110 کی شاندار اننز کھیلنے پر جوس بٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ آسان نہیں تھا، کھلاڑیوں نے شاندار مقابلہ کیا تاہم بدقسمتی سے جیت نہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطئمن ہوں، اگلے میچ میں کم بیک کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے:پاک انگلینڈ سیریز: پریکٹس سیشن کی تصویر کہانی

واضح رہے  پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیاتھا۔

بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم نے 16 اور حارث سہیل نے 14 رنز بنائے۔

جب بارش شروع ہوئی اس وقت پاکستان نے 19 اوورز میں 80 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی دو وکٹیں گرچکی تھیں۔

انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور پلنکٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 19ویں اوور میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے باعث میچ کو منسوخ کرنا پڑا۔

سیریز کا دوسرا میچ 11 مئی، تیسرا میچ 14 مئی، چوتھا میچ 17 مئی، پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں