لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 326 ، شکارپور میں 11ہوگئی

لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 326 ، شکارپور میں 11ہوگئی

لاڑکانہ: تحصیل رتوديرو اسپتال میں قائم جنرل اسکریننگ کیمپ میں بارہویں روز 920 افراد کی بلڈ اسکریننگ کرلی گئی ۔لاڑکانہ  میں گزشتہ 13 روز میں مجموعی طور پر نئے ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 326 ہوگئی ہے جن میں  80 فیصد تک بچے ہیں۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سکندر میمن نے کہاہے کہ  محکمہ صحت کی موبائل سرویلئینس ٹیم نے بھی گاؤں سبحانی شر میں اسکریننگ کی ہے۔
ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق ایچ آئی وی کے مجموعی طور 55 نئے کیسسز سامنے آئےہیں جن میں  40 سے زائد بچے اور خواتین بھی  شامل ہیں۔

ڈاکٹر سکندر میمن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ  13 روز میں 7 ہزار سے زائد مرد خواتین اور بچوں کی بلڈ اسکریینگ کی گئی ۔ اسکریننگ کاؤنٹر بڑھانے سے کیسسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔

سیکریٹری صحت سندھ نے تحصیل اسپتال رتودیرو کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ  ایچ آئی وی وائرس کی روک تھام کے لئے آٹو لاک سرنج کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ مارکیٹ میں آٹو لاک سرنج موجود ہی نہیں ہے۔

سیکرٹری صحت سندھ نے کہا  آٹو لاک سرنج مہنگی اور اسے تیار کرنے والی کمپنی ایک ہی ہے۔

گرفتار ڈاکٹر مظفر گھانگرو سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان پر ایف آئی آر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کروائی ہے۔اس معاملے پر قائم  جے آئی ٹی کے ساتھ میڈیکل ٹیم بھی انکوائری کر رہی ہے، رپورٹ کا انتظار ہے۔

سیکرٹری صحت سعید اعوان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ اب  تک 6145 افراد کی اسکریننگ میں 226 بچوں سمیت 271 افراد میں ایچ آئی وی وائرس پایا گیا ہے۔

ادھر شکارپور میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر  ڈاکٹر شبیر شیخ کے مطابق ضلع کے متختلف دیہات میں ایچ آئی وی  کی اسکریننگ ٹیسٹ کے دوران 11 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:رتوڈیرو: 5224 میں سے 221 افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق

انہوں نے کہا کہ  اب تک 700 افراد کے خون کے نمونے حاصل کئے اور مزید نمونے حاصل کئے جا رہے ہیں- عطائی ڈاکٹروں اور میٹرنٹی ہوم چلانے والوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیاہے۔

غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز کے خلاف بهی کریک ڈاؤن کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جن 11افراد میں ایچ آئی وی کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے انہیں لاڑکانہ شفٹ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے دیہی علائقوں میں ایڈز سے متعلق عوام میں آگاہی شروع کرنے کا فیصلہ  بھی کیا گیاہے۔


متعلقہ خبریں