پسماندہ علاقوں کو اوپر لائے بغیر ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم

ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیوں کہ ان کو اوپر لائے بغیر اقتصادی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں  مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور سکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ سمیت دیگر اہم افراد شریک تھے۔

عمران خان کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20  اور آئندہ مالی سال مکمل ہونے والے منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دور ان نالج اکانومی کے فروغ، زراعت، توانائی کے شعبوں اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو اوپر لانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کراچی کے لئے صوبائی اور مقامی حکومت کی مشاورت سے مربوط منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے ہدایت دی کہ زرعی شعبے میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شروع کر دیے جاتے تھے لیکن منصوبوں کی تکمیل اور فعالیت پر توجہ نہیں دی جاتی تھی جس کے سبب لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا تھا۔

وزیر اعظم نے وزیر منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ شروع کیے جانے والے ہرمنصوبے کی تکمیل اور فعالیت کے پہلو پر خصوصی توجہ دی جائے۔


متعلقہ خبریں