لاڑکانہ میں ایچ آئی وی سے متاثر مزید دو  بچے جاں بحق


لاڑکانہ: لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ایڈز سے  متاثر مزید دو  بچے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں  کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ایڈز کے 55 نئے کیسز سامنے آ گئے، مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 326 ہوگئی، شکار پور میں متاثرہ افراد کی تعداد گیارہ بتائی جارہی ہے جبکہ سیہون شریف سے بھی دو کیسز  رپورٹ  ہوئے ہیں۔

واضح رہے 15 روز قبل صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کے 13 بچوں کے خون کے نمونوں میں ایچ آئی وی ایڈزکے جراثیم پائے جانے کا انکشاف کیا گیا تھا اور ان بچوں کی عمریں چار  سے آٹھ برس تک بتائی گئیں تھیں۔

لاڑکانہ کے علاقے رتو ڈیرو سے گزشتہ ایک ماہ میں 16 بچوں کے خون کے نمونے  تشخیص کے لیے بھیجے گئے تھے۔

بچوں کے خاندانی ذرائع کے مطابق  بچے مسلسل بخار کی حالت میں تھے اور ان کا بخار نہیں اتر رہا تھا جس کے بعد ان کے خون کے نمونے لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں 23ہزار 757افراد ایچ آئی وی  ایڈز کا شکارہیں، وزارت قومی صحت

پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیئٹو (پی پی ایچ آئی) کے انچارج ڈاکٹر عبد الحفیظ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 16 میں سے 13 بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کی عمریں 4 ماہ سے 8 سال تک ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ مذکورہ بچوں کے والدین کے بھی ٹیسٹ کروائے گئے تھے جو نیگیٹو آئے تھے

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 سال قبل بھی لاڑکانہ میں ہی اچانک ایچ آئی وی کے 49 مریض سامنے آئے تھے جس کی وجہ بعد ازاں ڈائی لیسس مشین نکلی تھی۔

لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج اور اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ڈائی لیسس کرنے سے پہلے مریضوں کے ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ لیے جاتے ہیں اور رپورٹ مثبت آنے پر کسی ایک مخصوص ڈائی لیسس مشین پر ہی ایسے مریضوں کا ڈائی لیسس کرایا جاتا ہے تا کہ یہ وائرس کسی دوسرے مریض میں منتقل نہ ہو۔


متعلقہ خبریں