ماچس سے کھیلتے تین بچے جھلس کر جاں بحق

ماچس سے کھیلتے تین بچے جھلس کر جاں بحق

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: والٹن روڈ کے علاقے میں ایک گھر میں آتشزدگی سے تین بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کمرے کا دروازہ بند کر کے مبینہ طور پر ماچس سے کھیل رہے تھے جس سے بیڈ کی چادر کو آگ لگ گئی۔

بیڈ کی چادر کو لگنے والی آگ نے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے چار بچے شدید متاثر ہوئے۔ آتشزدگی سے جھلس کر دو بچے جاں بحق ہوگئے اور دو کو شدید زخمی حالت میں جنرل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال منتقل کرنے کے بعد دو سالہ نبیحہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

یہ بھی پڑھیں لاہور: متعدد عمارتوں میں آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان خاکستر

جاں بحق ہونے والے تین بچوں میں پانچ سالہ حدیبہ، پانچ سالہ علی اور دو سالہ نبیحہ شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے افسوسناک واقعے پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

گزشتہ روز بھی لاہور کی متعدد عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

فیروز پور روڈ پر واقع پلازے میں آتشزدگی سے 16 افراد عمارت می پھنس کر رہ گئے تھے۔ واقعہ کی  اطلاع ملتے ہیں آگ بجھانے والی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لوگوں کو باحفاظت باہر نکالا۔


متعلقہ خبریں