بھارت:کراچی سے جانے والے جارجیا کے جہاز کو جے پور میں اتار لیا


نئی دہلی: بھارتی ایئرفورس نے جارجیا کے مال بردار طیارے کو جے پور ایئرپورٹ پہ اترنے پر مجبور کرکے اس کے عملے سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق جارجیا کا مال بردار طیارہ ’مبینہ‘ طور پر کراچی سے بھارت کے شمالی گجرات کی جانب غیر مقررہ راستے پر پرواز کررہا تھا۔

بی بی سی نے بھارتی وزارت دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ جارجیا کے جس طیارے کو جے پور پر ایئرفورس کے طیاروں کے ذریعے اترنے پہ مجبور کیا گیا ہے وہ نہ صرف ایئر ٹریفک سروسزکے راستوں پہ نہیں تھا، ایئر ٹریفک کی جانب سے بھیجے جانے والے ریڈیائی پیغامات کا جواب نہیں دے رہا تھا بلکہ اس راستے پہ محو پرواز تھا جو پاک بھارت تعلقات کے باعث فی الوقت بند ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے نئی دہلی میں متعین اپنے نمائندے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی ایئرفورس کو سوا تین بجے ایک غیر مقررہ راستے سے اس کی فضائی حدود میں طیارے کے داخلے کی بابت معلوم ہوا تھا۔

بھارتی ایئر فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے داخلے کا علم ہوتے ہی انڈین ایئرفورس کے سکھوئی- 30 ایم کے آئی ساخت کے دو جنگی طیارے اس کے تعاقب میں بھیجے گئے۔

انڈین ایئرفورس کے جنگی طیاروں نے جب مال بردار طیارے کو چیلنج کیا تو اس کے پائلٹ نے بتایا کہ وہ جارجیا کے شہر تبلیسی سے کراچی ہوتا ہوا دلی جا رہا ہے۔

بی بی سی کے مطابق بھارتی فضائیہ کے دونوں طیاروں نے جارجیا کے مال بردار طیارے کو جے پور ایئرپورٹ پہ اترنے پر مجبور کیا جہاں حکام  طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی حکام کو اب تک ملنے والی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ جارجیا کا مال بردار طیارہ ایک غیر مقررہ پرواز پر تبلیسی سے کراچی ہوتے ہوئے دلی جارہا تھا۔

جے پور ہوائی اڈے پر موجود طیارے کو تاحال دوبارہ پرواز کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

بھارتی ریاست جے پور کے ہوائی اڈے پر موجود طیارے کے عملے سے بھارتی حکام مزید تفتیش و تحقیق کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں