لاہور:مختلف  برانڈز کا 27 ہزار کلو فروزن چکن تلف


لاہور:پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 27ہزار کلو گرام فروزن چکن تلف کرنے کا دعوی کیاہے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق  لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے والے مختلف  برانڈز کا 27 ہزار کلو فروزن چکن تلف کیا گیاہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ  فروزن فوڈز کی سیمپلنگ مہم مکمل کرلی گئی ہےاور اس مہم میں  فیل شدہ تمام مال تلف کیا جاچکاہے۔

فیل ہونے والے برانڈز کا چکن مارکیٹ سے اٹھوا کر پیمکو بھٹی میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں تلف کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ عثمان بھٹی نے کہاہے کہ گزشتہ ماہ تمام فروزن فوڈ برانڈز کے نمونے لیے گئے تھے۔ لیبارٹری تجزیے میں فیل ہونے والی کمپنیوں کا مال فیکٹریوں اور مارکیٹ سے اٹھوایا گیا۔ کچھ کمپنیوں نے احساس ذمہ داری کے تحت اپنا مال خود مارکیٹ سے اٹھا کر حوالے کیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے  فیل ہونے والا تمام مال تلف کر دیا گیا ہے۔ فیل ہونے والی کمپنیوں کے نقائص کی درستگی بھی کروائی جا چکی ہے۔

عثمان بھٹی  نے کہا کہ فروزن فوڈز کا آیندہ لیبارٹری تجزیہ جون میں کروایا جائے گا۔تمام اشیائے خورونوش کا سال میں متعدد بار لازمی لیبارٹری تجزیہ کروایا جاتا ہے۔معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:471 فوڈ بزنس آپریٹرز مختلف بیماریوں کا شکار ہیں،پنجاب فوڈ اتھارٹی

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہاہے کہ صوبے بھر میں  ریڑھی بان ہو یا ملٹی نیشنل کمپنی، صرف معیاری خوراک ہی فروخت کرنے کی اجازت ہے۔

یاد رہے رواں سال فروری میں  پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میڈیکل اسکریننگ لیب نے جنوری 2019 کی کارکردگی رپورٹ جاری کی تھی ۔

رپورٹ کے مطابق پانچ ہزار 882 فوڈ ورکرز کے ٹیسٹ، 471 فوڈ بزنس آپریٹرز مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جبکہ 154 افراد ٹائیفائیڈ کی بیماری میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ اسی طرح 26 میں ٹی بی، 130 میں ہیپاٹائٹس بی اور 161 افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی ہے۔

جنوری 2019 میں خوراک کے کاروبار سے منسلک پانچ ہزار 882 افراد کا معائنہ کیا گیا جس کے بعد یہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں