ریلوے کی نجکاری نہیں کی جا رہی، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کی نجکاری نہیں ہو رہی ہے۔ اسد عمر نئی کابینہ میں موجود ہوں گے جبکہ آئی ایم ایف سے معاہدے کا بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر 15 روز میں عملدرآمد کی کوشش کی جائے گی۔ جس کے لیے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سی پیک میں شامل ہوکر اس کی فنڈنگ سے بن سکتی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے آئی ایم ایف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کا بوجھ ہمیشہ عوام پر ہی پڑتا ہے اور اس بار پر آئی ایم ایف کا بوجھ عام آدمی ہی برداشت کرے گا تاہم وزیر اعظم نے پیر کو آئی ایم ایف پر اجلاس طلب کیا ہے۔

اسد عمر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اسد عمر عید کے بعد نئی کابینہ میں شامل ہو سکتے ہیں تاہم اس کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے۔ اسد عمر پر ناتجربہ کاری کا الزام غلط ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دینے سے معذرت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں روزے سے ہوں اور رمضان میں بلاول سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں چاپلوس وزیر نہیں ہوں کہ کہوں مہنگائی نہیں ہوئی لیکن عوام کو علم ہے کہ عمران خان کو معیشت ہی بری حالت میں ملی تھی۔

یہ بھی پڑھیں موجودہ حکومت کو ورثے میں بہت زیادہ مسائل ملے، شیخ رشید

جہانگیر ترین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو عدالتی طور پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا جا چکا ہے۔ میں کسی شوگر ملز کا قریبی نہیں ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ طاقتور کمزور ہو اور کمزور طاقتور ہو۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ شام، لیبیا اور عراق کے بعد اب پاکستان کو تباہ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے کام ہو رہا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 15 جون کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جس میں اکانومی کلاس بھی رکھی گئی ہے اور کوشش ہے کہ اکانومی کلاس میں 50 روپے سے زائد کا اضافہ نہ کریں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ ریلوے ملازمین کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں۔ ہم نے ریلوے کے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ تیل مہنگا ہونے سے ریلویز پر بہت بوجھ پڑ رہا ہے۔ ریلوے کی موبائل ایپ جو صرف اینڈرائڈ فونز پر تھی لیکن اب وہ آئی فون پر بھی آ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں