مسلم لیگ ن اپوزیشن جماعتوں کا باقاعدہ الائنس بنانے پر رضامند



پاکستان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن اپوزیشن جماعتوں کا باقاعدہ الائنس بنانے پر رضامند ہو گئی ہے ۔ خواجہ آصف کو اپوزیشن جماعتوں کا الائنس بنانے کا ٹاسک دیدیا گیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے مسلم لیگ ن اپوزیشن جماعتوں کا باقاعدہ الائنس بنانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے خواجہ آصف کو حزب اختلاف کی جماعتوں کا الائنس بنانے کا ٹاسک بھی دیدیا ہے۔

ذرائع نے دعوی کیاہے کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات سرپرست اعلی  نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مجوزہ الائنس کا سربراہ بنانے کی منظوری  بھی دیدی ہے ۔

نواز شریف نے  خواجہ آصف کو بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کی ہے ۔  نواز شریف نے اگست میں حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ بھی دیاہے۔

مسلم لیگ ن کے سرپرست اعلی نے پارٹی کو وارڈ کی سطح تک منظم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ دوروز قبل مسلم لیگ ن کے اعلی سطح کے وفد نے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں انکے چیمبر میں ملاقات بھی کی ہے۔

مسلم  لیگ ن کے وفد میں خواجہ آصف، ایاز صادق، شاہد خاقان عباسی،مریم اورنگزیب، راناثنااللہ اور خواجہ  سعد رفیق  شامل تھے۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور نویدقمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے:اپوزیشن دوبارہ انتخابات پر متفق ہے، مولانا فضل الرحمان

مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی اس اہم ملاقات میں اہم ملکی سیاسی معاملات زیر غور آئے ۔

یاد رہے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ ماہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ ’الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن‘ پر ہم سب (تمام اپوزیشن) متفق ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت پشاور کو چلا سکتی ہے، خیبر پختونخوا کو اور نہ ہی پاکستان کو، جو صوبے کو نہیں چلا سکے وہ ملک کیا چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام پاکستان کی تاریخ میں آمریت کی علامت ہے، ایسا لگ رہا ہے کے ٹیکنوکریٹکس کی حکومت لائی جارہی ہے، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا۔


متعلقہ خبریں