افغانستان: سابق خاتون صحافی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

افغانستان: سابق خاتون صحافی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

کابل: افغانستان کی سابق خاتون صحافی کو کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ مینا گل نامی خاتون افغان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں (Wolesi Jirga) کی مشیربھی تھیں۔

افغان نشریاتی ادارے ’طلوع نیوز‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ قتل کی واردات کابل کے مشرقی علاقے میں ہوئی جہاں ایک نامعلوم شخص نے مینا گل کو نشانہ بنایا۔

مینا گل افغانستان سے تعلق رکھنے والے لیمار ٹی وی، شمشاد نیوز اور اریانا ٹی وی کے لیے کابل میں کام کرچکی تھیں۔

طلوع نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کا کہنا ہے کہ پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وزارت داخلہ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق قتل کی واردات صبح ساڑھے سات بجے کے قریب وقوع پذیر ہوئی۔

’رپورٹرز وتھ آؤٹ بارڈرز‘ نے اپریل میں جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 2018 افغانستان کے صحافیوں کے لیے بدترین سال ثابت ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال طالبان دور حکومت کے بعد سب سے خراب تھا۔

آر ایس ایف کی جاری کردہ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تھی کہ گزشتہ سال 15 صحافیوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑے تھے اور ان میں سے 9 تو صرف ایک دن میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے۔

افغانستان کے نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کرکے طالبان کی قید میں موجود دس  سویلین کو رہائی دلائی۔

صوبہ قندوز میں کیے گئے اس آپریشن میں افغان سیکیورٹی فورسز نے دس طالبان کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق آپریشن کے دوران 15 طالبان زخمی بھی ہوئے ہیں۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے دعوؤں پر طالبان کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


متعلقہ خبریں