گوادر میں ہوٹل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی گارڈ شہید



گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کرنے والے تمام تین دہشت گرد مارے گئے ہیں جب کہ  ہوٹل کی سیکیورٹی پر مامور ایک گارڈ شہیدا ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل کو کلیئر قرار دے دیا ہے اور ہوٹل کا عملہ ڈیوٹی پر واپس پہنچ گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں نے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا۔

فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کو ٹاپ فلور پر جانے والی سیڑھیوں میں محصور کر کے  ہوٹل کے دیگر حصوں میں کلیئرنس کے لئے  آپریشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سبزی منڈی میں خود کش دھماکہ، 20 افراد جاں بحق

بلوچستان کے وزیراطلاعات ظہور احمد بلیدی کے مطابق  ہوٹل میں کوئی گیسٹ نہیں تھا صرف ہوٹل کا لوکل اسٹاف ڈیوٹی پر موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کے پاس بھاری اسلحہ موجود ہے جس میں راکٹ لانچر بھی شامل ہیں۔

ایس ایچ او گوادر اسلم بنگزئی کے مطابق ہوٹل میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق  ہوٹل میں موجود دہشتگر جدید اسلحے سے لیس ہیں۔

فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے ہوٹل میں تین مشکوک افراد کی موجودگی کی خبر ملی تھی۔

مذکورہ فائیواسٹار ہوٹل کے قریبی علاقوں میں حکومت پاکستان اور سی پیک کے منصوبے جاری ہیں جہاں کام کرنے والے انجینئر ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ہوٹل میں موجود تمام افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ  پوری قوت سے کارروائی کی جائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ لاہور سے گوادر تک ہمارے دل اس مٹی کے بہادر سپوتوں کیلئے دھڑکتے ہیں جو ہماری حفاظت کیلئے جان قربان کرتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں