’9 ماہ کی حکومت 70 سال کے مسائل کی ذمہ دار نہیں ہو سکتی‘


روالپنڈی: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فروس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 9 ماہ کی حکومت 70 سال کے مسائل کی ذمہ دار نہیں ہو سکتی۔

روالپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، اہم پہلو جسے اجاگر کرنا ہے وہ بھائی چارہ اور بین المذہب ہم آہنگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر یہاں پناہ گاہ کے دورے پر آئی ہوں، انہوں نے کابینہ اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ وفاقی وزیر اافطاری اور سحری میں لوگوں میں نظر آئے۔

مزید پڑھیں: قوم کا پیسہ واپس کرنا ہوگا، فردوس عاشق اعوان

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پناہ گاہیں بنانے کا ویژن عمران خان اور ان کی اہلیہ کا تھا، غریب لوگوں کو چھت فراہم کرنا یہ عمران خان کا ویژن تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ مہنگائی کن لوگوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز فرار، نواز بھاگنے کو تیار، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے تنقید بلا جواز ہے، انہیں اپنے دور حکومت کا حساب بھی دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان غریب عوام کی آواز بن کر سامنے آئے، وہ غریب لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے تمام کوششیں کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہی ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب یہ لوگ پناہ گاہوں کی بجائے اپنے گھروں میں مقیم ہوں گے۔


متعلقہ خبریں