سوشل میڈیا پر شہروں میں الرٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں، آئی ایس پی آر


راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے وضاحت جاری کی ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی مختلف شہروں میں الرٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ترجمان کے مطابق آئی ایس پی آر سے ایسا کوئی تھریٹ الرٹ جاری نہیں کیا گیا، شہری ایسی جھوٹی خبروں کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔

انہوں نے بتایا کہ تصدیق کیلئے آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ ispr.gov.pk  سے رجوع کیا جا سکتا ہے یا پھر سوشل میڈیا پر آئی ایس پی آر کے آفیشل اکاؤنٹس بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تھریٹ الرٹ سے متعلق سوشل میڈیا پیغامات پر کان نہ دھریں، یہ پروپیگنڈہ بے چینی اور بے یقینی پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

مزید پڑھیں: ’ہٹائے گئے فیس بک اکاؤنٹس کی آئی ایس پی آر سے منسوبی مایوس کن‘

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آئی ایس پی آر نے فیس بک اکاؤنٹس بند کرنے کے معاملے پر فیس بک انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ ہٹائے گئے اکاؤنٹس آئی ایس پی آر کے زیر انتظام نہیں، ان کو آئی ایس پی آر کے زیر انتظام کہنا مایوس کن ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فیس بک نے مانا کہ اکاؤنٹس کے مواد میں کوئی قابل اعتراض مواد نہیں، ملک اور مسلح افواج کو سپورٹ کرنا قابل اعتراض رویہ نہیں ہونا چاہیے۔

ذرائع نے بتایا کہ فیس بک انتظامیہ پاکستان سے کشمیر پر بات کرنے والے اکاؤنٹس بند کر دیتی ہے، فیس بک کا پاکستان میں کوئی دفتر نہیں جو پاکستان کے ماحول کو نہ سمجھنے کی وجہ ہے۔


متعلقہ خبریں