مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید

فوٹو: فائل


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 2  کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں کے علاقہ ہندسیتاپورہ کا محاصرہ کرنے کے بعد نام نہاد سرچ آپریشن کیا گیا۔

بھارتی قابض فوج کے نام نہاد آپریشن میں 34 راشٹریہ رائفل،سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل سروس گروپ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے اہلکاروں نے فائرنگ کر کے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں ایک اور نوجوان شہید

بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران علاقہ میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کر دی۔

ہفتہ کو بھی ضلع شوپیاں کے علاقہ امیش پورہ میں بھارتی قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا تھا۔

گزشتہ روز سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے پرامن مظاہرین کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کے خلاف پیلٹ گنوں، آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 6 کشمیری زخمی ہو گئے۔

گزشتہ ماہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مختلف کارروائیوں کے دوران فائرنگ کر کے 13 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا جبکہ حریت رہنماؤں سمیت 182 بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بین الاقوامی نیوز ایجنسی رائٹرز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 17 فروری کی درمیانی رات سینکڑوں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلواما کے گاؤں پنگلان میں دھاوا بولا اور 18 گھنٹوں کی کارروائی میں 4 کشمیری شہید اور متعدد گھر تباہ کر دیے گئے جبکہ اس دوران 120 کشمیری آنسو گیس اور قابض فوج کے تشدد سے ذہنی مریض بن گئے۔


متعلقہ خبریں