شیخ رشید ڈیل اور ڈھیل کی بات پر قائم


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید ابھی بھی  ڈیل اور ڈھیل کی بات پر قائم ہیں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو ڈیل یا ڈھیل کے قریب دیکھ رہا ہوں، جیل زرداری کا سسرال ہے، باقی لوگ ڈرے ہوئے ہیں،شہباز شریف کی بھی ڈیل اور ڈھیل چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز، بڑے بھائی سے دس ہاتھ آگے ہیں، نوازشریف کو پھنسوا دیا، دونوں بھائی برصغیرکے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، عمران خان حکومت چھوڑ دے گا، این آر او نہیں دے گا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ بجٹ بھی آ رہا ہے، آئی ایم ایف بھی آ رہا ہے، ایمنسٹی بھی آرہی ہے، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بھی بن سکتا ہے،تھکے ہارے سیاستدان این آر او مانگ رہے ہیں لیکن عمران خان حکومت چھوڑ دے گا انہیں این آر او نہیں دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے کی نجکاری نہیں کی جا رہی، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ زرداری  کی سیاست لوگوں کو مروانے پر چل رہی ہے۔،زرداری جیل کاٹ سکتا ہے کیونکہ اس کی سوچ ہی کریمنل ہے، عمران خان نے شہباز پر ایک کیس بنایا ہے اور وہ اس میں نہیں بچے گا۔

انہوں نے صدارتی نظام کی باتوں کو ملک توڑنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے مفید نہیں بلکہ منفی ہے۔

وزیر ریلوے نے آج  ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں اتوار کے روز بھی افسران کا اجلاس بلایا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ آپ سب نے اتوار کے دن مہربانی کی، یہ اس بات کی نشانی ہے کہ آپ تبدیلی لانے کے لیے میرے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تکلیف اٹھا کر، ان تھک محنت و پلاننگ کے ساتھ ہی ریل آگے بڑھے گی۔

اجلاس میں ریلوے کا ریونیو بڑھانے ، فریٹ ٹرینوں کی تعداد بڑھانے، ٹریک سیفٹی اور مسافروں کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔


متعلقہ خبریں