سری لنکا: فیس بک پر اشتعال انگیز پوسٹ، مساجد پر پتھراؤ اور ہنگامے

سری لنکا بم دھماکے، اقلیتوں کو مشکلات کا سامنا، کاروبار ٹھپ

فوٹو: فائل


کولمبو: سری لنکا کے مغربی ساحلی قصبے چیلاوا میں مسلمانوں کیخلاف پر تشدد واقعات ہوئے ہیں اور مشتعل ہجوم نے تین مساجد پر پتھراؤ بھی کیا ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایک اسٹور پر بھی پتھراؤ کیا گیا ہے جس کا مالک مسلمان تھا جب کہ ایک شخص کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ہنگاموں کے بعد مقامی پولیس نے قصبے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ہنگاموں کا آغاز فیس بک پر مسلمانوں کے خلاف بیان بازی سے ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا: ایسٹر کے دن 8 دھماکے، ملک بھر میں کرفیولگادیا گیا

پولیس حکام کے مطابق مسجد پر پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی کے بعد صورتحال کنٹرول کرنے کیلیے چند گھنٹوں تک کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایک فیس بک صارف نے پوسٹ میں لکھا کہ’ہمیں رلانا آسان نہیں‘ اور ایک مقامی مسلمان کیخلاف طنز کیا۔ مذکورہ  پوسٹ کے جواب میں مقامی حسمارحمید نے لکھا کہ’ زیادہ مسکرائیں مت ایک دن آپ بھی روئیں گے‘۔

پولیس کے مطابق 38 سالہ عبدالحمید محمد حسمار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے پوسٹ کی تھی۔ فیس بک پر کی گئی پوسٹ کے بعد مشتعل گروہ نے تین مساجد اور مسلمانوں کی دکانوں پر پتھراؤ کیا۔ ایک مسلمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ وقتی طور پر صورتحال ٹھیک ہے لیکن ہمیں خوفزدہ ہیں کہ رات کو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ 3 ہفتے قبل ایسٹر کے دن سری لنکا میں ایک ہی دن  مختلف مقامات پر آٹھ دھماکے ہوئے تھے جس میں 250 سے زائد افراد جاں بحق اور 500 زخمی ہوگئے تھے اور حکومتی وقتی طور پر کرفیونافذ کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں