قومی اسمبلی کا رواں اجلاس 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ

قومی اسمبلی کا رواں اجلاس 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ

قومی اسمبلی کا رواں اجلاس 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر ِصدارت حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیاہے ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں ایوان کے ماحول کو سازگار رکھنے سمیت ایوان  میں قانون سازی کے  لیے پیش کیے جانے والے اہم بلوں پربھی  تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پْر امن اور خوش گوار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ موثرقانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل اور ایوان کے وقار کو بلند کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے  ایوان میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں میں اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ اس وقت ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی جمہوریت کی مضبوطی و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہو گا۔

اجلاس کے شرکاء نے قانون سازی کے عمل اور ایوان کی کاروائی کو سازگار رکھنے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیر برائے خارجہ امور شاہ محمود قریشی، وزیرِ برائے مذہبی امور نور الحق قادری، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری شریف ہوئے ۔

یہ بھی پڑھیے:قومی اسمبلی :آج 26ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری کا امکان

اراکینِ قومی اسمبلی سید خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال اور محسن داوڑ سمیت دیگر اراکین نےبھی اجلاس میں  شرکت کی۔


متعلقہ خبریں