ملک کے متعدد شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی میں ہلکی بارش متوقع

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے متعدد علاقوں میں سوموار کے روز دوپہر کے وقت بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور چنیوٹ میں بھی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ سرگودھا میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث استقلال آباد رمضان بازار کے لیے لگائے گئے ٹینٹ اکھڑ گئے اور اسٹالز کا سامان بھی بکھر گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا

مظفرآباد اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش سے درجہ حرارت میں کمی واقعی ہوئی لیکن کچھ علاقوں سے فیڈر ٹرپ ہونے کے سبب بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

پنجاب کے شہر اٹک اور صفدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

پنڈی بھٹیاں، ٹیکسلا، سانگلہ ہل اور گردو نوح میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں برسات اور تیز آندھی کی پیش گوئی کی ہے جس سے درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری کمی ہوسکتی ہے۔

رواں ہفتے کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر وقفے وقفے سے برسات کا سلسلہ جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں