آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پی ٹی آئی کی خودکشی ہو گئی، نفیسہ شاہ


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خودکشی ہو گئی ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم آئی ایم ایف خان بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے چند معاہدے کے حوالے سے کلمات انٹرویو کی صورت میں کہے، اگر آج کے اجلاس میں ایوان میں ایک بیان دے دیتے تو بہت اچھا ہوتا تاہم انہوں نے یہ گوارا نہیں کیا

ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ اب ہمارے تحفظات بڑھ گئے ہیں، 9 ماہ کے بعد آپ آئی ایم ایف کے پاس گئے تاہم اس دوران جو تکلیف قوم کو دی گئے اس کا حساب کون دے گا؟

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں اور قرض نہیں لیں گے تاہم یہ پھر بھی چلے گئے۔

انہوں نے قوم کو 26ویں آئینی ترمیمی بل کی اتفاق رائے سے منظوری پر مبارک باد دی اور کہا کہ اس بل کے تحت سابق فاٹا ریجن جہاں کے لوگوں نے قربانیاں دیں ان کی انٹیگریشن کے لیے بل پاس ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے الیکشن جو 6 ماہ کے اندر ہوں گے ان میں فاٹا کی انٹیگریشن کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے دو تہائی سے زائد اکثریت سے 26واں آئینی ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

مجموعی طور پر 288 اراکین نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔کسی بھی رکن نےآئینی ترمیم کی مخالفت نہیں کی۔

پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار نجی آئینی ترمیمی بل کو حکومت  اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔

ایوان میں 26ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج سابقہ فاٹا کے حوالے سے بل پاس کیا جارہاہے، مجھے خوشی ہے کہ تمام جماعتوں میں اتفاق رائے ہے۔


متعلقہ خبریں