اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین منتخب

اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین منتخب

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سید نوید قمر نے سابق وزیرخزانہ کا نام تجویز کیا اور ممبر قومی اسمبلی نصراللہ خان دریشک نے بھی حمایت کی۔

قبل ازیں فیض اللہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین تھے۔ اسد عمر کو چار روز قبل ہی مذکورہ کمیٹی کا ممبر بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کو قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کا رکن بنا دیا گیا

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے گزشتہ ماہ  سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد ازاں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ اسد عمر نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے منصب سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہیؤا تھا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔

استعفے کے بعد اسد عمر کو کابینہ میں واپس لانے کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں۔ 21 اپریل کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسد عمر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرمایہ ہیں اور وہ انہیں منائیں گے۔


متعلقہ خبریں