دوسرے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ، سرفراز بقیہ میچز میں کامیابی کیلئے پرامید


برسٹل: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہم میچ ہارے ضرور ہیں لیکن 373 رنز کے جواب میں بیٹسمینوں کا زبردست کارکردگی دکھانا مثبت پہلو ہے۔

برسٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹسمینوں نے  373 رنز  کے جواب  میں بہت اچھا کھیلا خاص کر اوپنر فخر زمان نے زبردست بیٹنگ کی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم نے فخر کا ساتھ دیا جبکہ آصف علی نے بھی بہت اچھی بیٹنگ کی۔

تصاویر: تیسرے ون ڈے سے قبل قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن، تصویر کہانی

انہوں نے کہا کہ باؤلروں نے امید کے برخلاف کارکردگی دکھائی، ان پر تھوڑا کام کی ضرورت ہے، وہ کم بیک کرنے کی  پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیریز اور زیادہ مشکل ہو گی ہم جانتے ہیں ہم نمبرون ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہیں، ہم نے جس طرح سے دوسرے میچ میں مثبت کرکٹ کھیلی آنے والے میچوں میں بھی ایسی ہی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمیں آخری دس اوورز میں مزید کام کی ضرورت ہے، ہمارے باؤلرز اس قابل ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے باؤلرز آنے والے میچوں میں اپنی باؤلنگ سے ہمیں میچ جتوائیں گے۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ محمد عامر کو وائرل انفیکشن کی وجہ سے بخار ہوا تھا اور اب رپورٹس آئیں ہیں کہ ان کو چکن پوکس ہے، وہ کل کے میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ عامر دو میچوں میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کا مورال بہت بلند ہے  ٹیم لڑتی ہوئی نظر آئی ہے آنے والے میچوں میں کم بیک کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک واپس آگئے ہیں اور محمدحفیظ نے بھی ٹریننگ شروع کردی ہے۔ آنے والے میچوں میں دونوں ٹیم کو دستیاب ہونگے۔


متعلقہ خبریں