چینی نائب وزیر خارجہ کیلئے ’ہلال قائد اعظم‘ کا اعزاز


بیجنگ: چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ شوان یو کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے ’ہلال قائد اعظم‘ کا اعزاز دیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ کی پاکستانی سفارت خانے آمد ہوئی۔ صدر پاکستان کی نمائندگی سفیر پاکستان جناب مسعود خالد نے کی۔

چین کے نائب وزیر خارجہ کو یہ اعزاز پاک چین دوستی کے لیے گراں قدر خدمات کی انجام دہی پر دیا گیا۔

سفیر پاکستان جناب مسعود خالد نے کہا کہ یہ اعزاز پاک چین دوستی کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

مارچ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چین کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا جس کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں