ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان



اسلام آباد: راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہروں بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان جبکہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلات اور مکران میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر کے بھی بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے جبکہ سندھ کے اضلاع سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی

گزشتہ روز بھی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے بھی چند مقامات پر بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں ملک کے متعدد شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

پیر کو سب سے زیادہ بارش مری 21 ملی میٹر، بالاکوٹ 9 ملی میٹر، مالم جبہ 8 ملی میٹر، کاکول 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، دادو اور لاڑکانہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، پڈعیدن اور موہنجوداڑو میں بھی درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

گزشتہ روز ملک کے متعدد علاقوں میں دوپہر کے وقت بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور چنیوٹ میں بھی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ سرگودھا میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث استقلال آباد رمضان بازار کے لیے لگائے گئے ٹینٹ اکھڑ گئے اور اسٹالز کا سامان بھی بکھر گیا۔


متعلقہ خبریں