کوئٹہ:سیٹلائٹ ٹاؤن دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج



کوئٹہ:سیٹلائٹ ٹاون دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل،اقدام قتل اوردیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ شب بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا جس سے  4 پولیس اہلکار شہید اور9 افراد زخمی ہوگئے ۔

ڈی آئی جی کوئٹہ رزاق چیمہ کے مطابق دھماکے سے زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور سات عام شہری شامل ہیں۔  زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد الہدا کے باہر کھڑی پولیس موبائل کے قریب ہوا۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورزخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر میں ہوٹل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی گارڈ شہید

کوئٹہ کی منی مارکیٹ میں دھماکے  کے باعث  شہید ہونے والے چاروں پولیس اہل کاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن  کوئٹہ میں ادا  کی گئی۔

کوئٹہ دھماکے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

دھماکےمیں  شہید  ہونے والے اہلکاروں غلام نبی، محمد اسحاق، ذوالفقار اور مشتاق شاہ کی میتیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

نماز جنازہ میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان ، وزیر داخلہ میر خالد لانگو سمیت پولیس اور فرنٹیئر کور کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا اور دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔

یہ بھی پڑھیے:کوئٹہ میں دھماکہ، چار پولیس اہلکارشہید نو افراد زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں بم دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

جام کمال نے دھماکے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک گھناؤنی سازش کے تحت صوبے اور ملک میں امن کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں