اسلام آباد: 25 ہزار 801 ملازمین سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کے منتظر



اسلام آباد: وزارت ہاؤسنگ سرکاری ملازمین کو چھت فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔ اسلام آباد میں خدمات انجام دینے والے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے 25 ہزار 801 ملازمین سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کے منتظر ہیں۔

یہ انکشاف وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے تیار کی گئی جنرل ویٹنگ لسٹ میں ہوا ہے ۔

ہم نیوز کو دستیاب  جنرل ویٹنگ لسٹ کے مطابق  354 ملازمین کیٹیگری ون،731  ملازمین کیٹیگری ٹو، 6 ہزار 260 ملازمین کیٹیگری تھری،5 ہزار 636 ملازمین کیٹیگری 4 اور 12 ہزار 812 ملازمین کیٹیگری 5 کی رہائشگاہوں کی فراہمی کے منتظر ہیں۔

وزارت ہاؤسنگ نے تمام ذمہ داری گزشتہ حکومتوں پر عائد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مارچ 1995 سے درجنوں مختلف سرکاری رہائشگاہوں کے منصوبوں کی تعمیر پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:سرکاری ملازمین کے رہائشی الاؤنس میں اضافہ

تاہم وفاقی سرکاری ملازمین کو ان کے استحقاق اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے سرکاری پالیسی کے مطابق ہائرنگ کی سہولت  دی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ  نگراں حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی الاؤنس میں اضافہ کردیاتھا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔

رہائشی الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی2018 سے ہوا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق اسلام آباد کے گریڈ ایک اور دو کے ملازمین کے الاؤنس میں 1627 روپے، گریڈ  تین سے چھ کے ملازمین کے الاؤنس میں 2542 روپے اور گریڈ سات سے دس کے ملازمین کے الاؤنس میں 3797 روپےاضافہ کیا گیا۔

گریڈ گیارہ سے 13  کے ملازمین کے الاؤنس میں 5728 روپے اور گریڈ 14 سے 16 کے ملازمین کے الاؤنس میں 7169 روپے، گریڈ 17 سے 18 کے ملازمین کے الاؤنس میں 9525 روپے، گریڈ 19 کے ملازمین کے الاؤنس میں 12 ہزار 663 روپے اضافہ کیا گیا۔

اسی طرح گریڈ 20 کے ملازمین کے الاؤنس میں 15 ہزار 903 روپے، گریڈ 21 کے ملازمین کے الاؤنس میں 19 ہزار 42 روپے اور گریڈ 22 کے ملازمین کے الاؤنس میں 22 ہزار 788 روپے کا اضافہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں