آصف زرداری کے کیسز سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع



اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف تحقیقات اور ریفرنسز سے متعلق  رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی۔

نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق تحقیقات سپریم کورٹ کے حکم پر شروع کی گئیں جبکہ نیب کی 5 انکوائریز اور 3 انویسٹیگیشنز میں آصف علی زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کا ابھی تک صرف ایک کیس پارک لین میں وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا جبکہ سابق صدر کے خلاف ابھی تک 2 ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔

نیب نے ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف 6 ریفرنسز ابھی انکوائری یا انویسٹیگیشن کے مرحلے میں ہیں جبکہ جعلی بنک اکاونٹس کیس کے 8 مقدمات میں اصف علی زرداری کے کردار کا تعین کر رہے ہیں۔

جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ جعلی اکاونٹس کیس میں نیب کی 22 انکوائریز جبکہ تین انوسٹیگیشنز بھی جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری کی ضمانت خارج کی جائے، نیب کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس زیرسماعت ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا اور اب نیب 29 مشکوک بینک اکاؤنٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہونے پر تحقیقات کر رہا ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نےعدالت کو بتایا تھا کہ 104 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔

اس سے قبل  نیب نےآصف زرداری کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں سے متعلق کیس میں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا تھا۔ نیب کی طرف سے کہا گیا تھاکہ آصف علی زرداری کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں