پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت

پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ  کے ضلع ٹنڈومحمد خان کے علاقہ  منگریو میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری اعلامیے  کے مطابق منگریو میں ویل نمبر ایک کی 2676میٹر کھدائی کے بعد تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

کمپنی اعلامیے میں کہا گیاہے کہ  ابتدائی طور پر 10.44 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 120 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ کے ذخائر ملے ہیں۔

او جی ڈی سی ایل یہاں 95 فیصد شراکت داری کے ساتھ آپریٹنگ کمپنی ہےجب کہ بقیہ 5 فیصد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے پاس ہیں۔

یاد رہے گزشتہ ماہ کی 19تاریخ کو ماڑی پٹرولیم نے بھی  پنجاب میں  تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا ئی تھی۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاتھا کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے۔ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنےکی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق ماڑی پٹرولیم کی یہ پنجاب میں دوسری بڑی دریافت ہے۔ تیل کی نئی دریافت تحصیل گوجرخان کے قریب ڈھاریاں۔1 کے مقام پر کی گئی۔نئی دریافت ملک میں انرجی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: ماڑی پٹرولیم نے پنجاب میں  تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا دی

یاد رہے اگست 2018 میں  پاکستان کے اس وقت کے نگراں وزیر خارجہ عبداللہ  حسین ہارون نے انکشاف کیا تھا کہ معروف امریکی انرجی کمپنی ایگزون موبل  ملک  میں کویت سے بھی بڑے تیل کے ذخائر دریافت کرنے کے قریب ہے۔

یہ انکشاف انہوں نے اتوار کو کراچی میں ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

عبداللہ ہارون نے بتایا کہ ایگزون موبل پاک ایران سرحد  کے قریب اب تک 5000  میٹر تک ڈرلنگ  کر چکی ہے اور وہ  تیل کے نئے اور وسیع ذخائر دریافت کرنے کے بہت قریب ہے۔

’عرب نیوز‘  کی رپورٹ کے مطابق اگر یہ ذخائر دریافت ہو جاتے ہیں تو پاکستان  دنیا کے 10 سب سے زیادہ  تیل  پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا، ایک اندازے کے مطابق یہ ذخائر کویت، جس کا فہرست میں چھٹا  نمبر ہے، کے ذخائر سے زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان میں کویت سے بڑے تیل کے ذخائر کا انکشاف

کویت کے تیل کے ذخائر دنیا بھر میں اب تک دریافت شدہ ذخائر کے 8.4 فی صد پر مشتمل ہیں، محتاط اندازے کے مطابق  کویت کے پاس 101.50  بلین بیرل  کے ذخائر موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں