بلاول ایک بار پھر نیب راولپنڈی طلب


قومی احتساب بیورو (نیب )راولپنڈی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو  17 مئی کو طلب کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو کو نیب اولڈ ہیڈکواٹر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو پارک لین  کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ پارک لین کیس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن جعلی بینک اکاؤنٹس سے کیے جانے کا الزام ہے۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم بلاول کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفے نواز کھوکھر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری سترہ مئی کو نیب راولپنڈی میں میں پیش ہوں گے۔

مصطفے نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمن پی پی پی نے پہلے بھی نیب کے تمام سوالوں کے جواب دئے تھے۔نیب نے چیئرمن پیپلز پارٹی سے جو بھی پوچھا اس کا جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے سوالوں کے جواب نہ دینے سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔میڈیا اپنی ساکھ کا خیال رکھے اور قیاس آرائیوں کے بجائے مصدقہ خبر دے۔

بلاول بھٹو کے ترجمان نے کہا کہ نیب کے مقدمات بھی من گھڑت ہیں اس لئے میڈیا ٹرائل کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ نیب حکومت کا آلہ کار بن کر پی پی قیادت کو انتقامی کارروایوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

یآدرہے بلاول بھٹو زرداری  اس سے قبل 20مار چ کو بھی اپنے والد آصف علی زرداری کے ہمراہ  نیب کو  بیان رکارڈ کراچکے ہیں۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے نیب آفس میں لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی ۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت 2کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ جس کمپنی سے متعلق سوالات ہیں وہ 28سال قبل بنائی گئی تھی ۔ کچھ باتیں یاد نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو سے بھی پارک لین کمپنی سے متعلق سوالات پوچھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کمپنی قائم ہوئی وہ بہت چھوٹے تھے۔ بلاول نے کہا وہ  سوالات کے جوابات تحریری طور پر دینگے۔

یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ  چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے کل کے ٹویٹ پر نیب غصے میں ہے ۔ثابت ہوتا ہے نیب کا عمران نیازی سے جذباتی رشتہ ہے ۔بلاول بھٹو کے سرگرم ہونے پر سلطنت نیازیہ بوکھلا گئی ہے ۔

پلوشہ خان نے کہا کہ یقین کابینہ میٹنگ میں بلاول بھٹو کو نوٹس دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ نیب کی اصلیت بے نقاب ہو چکی ہے۔انشاءاللہ عدالتوں میں نیب کو جھوٹا ثابت کریں گے ۔


متعلقہ خبریں