ملک بھر میں بارش کا امکان، گرمی کی شدت میں کمی



اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ شب پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو خیبر پختونخوا (کے پی)، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی سندھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

ملک بھر میں بارشوں کا یہ نیا سلسلہ ہفتہ تک جاری رہے گا جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم تیز ہواؤن اور گرچ چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

ملک بھر میں جاری تیز اور ہلکی بارشوں کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت میں بھی خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: رمضان المبارک میں ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن سمیت مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے۔

بلوچستان کے مکران ڈویژن جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

منگل کو سب سے زیادہ بارش ڈی جی خان 14 ملی میٹر، قصور 09 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین 08 ملی میٹر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مری، بہاولنگر میں 07 ملی میٹر، دیر، گڑھی دوپٹہ میں 06 ملی میٹر، لاہور، ساہیوال میں 04 ملی میٹر، مظفر آباد، بالاکوٹ اور گوجرانوالہ میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع دادو 47 ڈگری سینٹی گریڈ، شہید بے نظیر آباد 46 ڈگری سینٹی گریڈ، پڈعیدن اور موہنجوداڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں