کرکٹر شاداب خان نے ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کر دیا



راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کا اعلان کر دیا۔

شاداب خان نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈکپ 2019 کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں اور جلد انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ قومی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران بیٹسمین تو اچھا کھیل رہے ہیں لیکن باؤلرز کی کارکردگی بہتر نہیں ہے اگر ٹیم میں 4 اہم کھلاڑی نہ کھیل رہے ہوں تو فرق پڑتا ہے۔

شاداب خان نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ تک باؤلرز ردھم میں آجائیں گے ہم انگلینڈ کے خلاف دیگر میچز جیت کر ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے باؤلرز بہتر کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ مڈل اوور میں زیادہ محنت کر رہے ہیں کیونکہ اگر مڈل اوور میں بیٹسمین کو آؤٹ نہ کریں تو اگلے اوورز میں بہت زنز بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دورہ انگلینڈ: شاداب خان ہیپاٹائٹس سی کے باعث ٹیم سے باہر

لیگ اسپنر نے اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کا معلوم ہونے پر کچھ پریشانی ضرور ہوئی تھی جبکہ دانتوں کے علاج کے دوران جو ہیپاٹائٹس کی خبر پھیلی تھی اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پی سی بی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا علاج کرایا تاہم اب میں تندرست ہوں۔ اللہ کی جانب سے جو ہوتا ہے تو درست ہی ہوتا ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔ گزشتہ 3 سال سے انگلینڈ میں کھیل رہے ہیں اس لیے مشکلات نہیں ہوں گی تاہم اب کرکٹ بہت تیز ہو گئی ہے وکٹیں لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں