نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، آصف زرداری

فوٹو: فائل


سابق صدر آصف علی زرداری نے آج ایک بار پھر کہہ دیا کہ قومی احتساب بیورو(نیب)اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے حصول کے لیے آمد پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ  پہلے کی اور آج کی ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ جس کے پاس پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کر لے گا۔ ماضی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیموں میں کوئی فرق نہیں۔

آصف زرداری نے کہا پارلیمنٹ میں نہیں سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول میرا بیٹا ہے،بلاول بی بی کا بیٹا ہے انگاروں پر چلے گا،اسے بھی انگاروں پر چلنا ہے۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ جیلوں سے نہیں ڈرتے تو ضمانت کیوں کراتے ہیں؟

اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ ضمانت انکا جمہوری حق ہے۔ آصف زرداری نے سوال پوچھنے والے صحافی سے ازراہ مذاق یہ بھی کہہ دیا کہ  آپ کو بھی ساتھ لے جائوں؟آپ کا بھی نام دیتا ہوں،آپ کی ضمانت نہیں کراؤں گا۔

سابق صدرسے یہ سوال بھی کیا گیا کہ اتنے کیسز کیوں بن رہے ہیں،کیا سمجھتے ہیں؟

اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کو بھی اندازہ ہے،وہ اس لیے اتنے کیسز کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:یا تو نیب چلے گا یا پھرمعیشت چلے گی ، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے  علیم خان کو ضمانت پر رہائی پر مبارک باد بھی دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علیم خان کی ضمانت پر رہائی خوش آئندہ ہے،سیاست میں مقابلہ سیاسی میدان میں ہوتا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اس سے قبل 29اپریل کو بھی احتساب عدالت اسلام آباد میں اسی طرح کی گفتگو کی تھی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ یا تو نیب چلے گا یا پھرمعیشت چلے گی۔

آصف زرداری کے اس بیان کے جواب میں چیرمین نیب نے 2مئی کو ملتان میں ہونے والی ایک تقریب میں جواب بھی دیا تھا۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں البتہ نیب اور بدعنوانی اکٹھے نہیں چل سکتے۔

یہ بھی پڑھیے:نیب اور معیشت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں، چیئرمین نیب


متعلقہ خبریں