ڈاکٹر سلمان شاہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر تعینات

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت پنجاب نے ڈاکٹر سلمان شاہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نیا مشیر تعینات کر دیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سلمان شاہ کو اکنامک افیئرز اور منصوبہ بندی کا مشیر بنایا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹر سلمان شاہ کو فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کر دی۔

صوبائی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کیبنٹ ونگ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی پانی کی قیمت سعودی تیل سے زیادہ ہے، سلمان شاہ

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس لیے انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشیر بنایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات کا سامنا تھا جبکہ پنجاب حکومت ریونیو اتھارٹی میں بھی اہداف حاصل نہیں کر پائی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاسی امور و پرائس کنٹرول چوہدری محمد اکرم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری محمد اکرم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ پارٹی کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے دیا ہے اور انہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنایا جا رہا ہے جس کا ایک دو روز میں فیصلہ متوقع ہے۔

گزشتہ سال ماہر معاشیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دریاؤں میں سالانہ 150 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کی  بین القوامی مارکیٹ میں قیمت 300 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی قیمت سعودی عرب کے تیل سے زیادہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ زراعت سے لے کر صنعتوں تک ہر شعبے میں پانی بنیادی ضرورت ہے اور اگر ہم صرف پانی کا ہی استعمال ٹھیک انداز میں کر سکیں تو ہماری معیشت تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کر سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں