ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،چاہتے ہیں عوام کو ریلیف ملے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پیسہ نہ ہو تو گھر نہیں چلتا یہ تو ملک ہے، اگر خزانہ خالی ہو تو ملک کیسے چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت سے خسارہ ورثے میں ملا ہے، اس ملک کے ساتھ کھیلا گیا، ماضی میں ملک کو لوٹا گیا، قوم کا بچہ بچہ پوچھ رہا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں کیا غلطیاں ہوئیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس قانون میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور ہم اس متعلق بل لا رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے غلطیوں سے سیکھا۔

 قوم کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، محسن شاہ نواز رانجھا 

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان میں اب بہت فرق ہے، جو وہ الیکشن سے پہلے تھے اب وہ نہیں، جو باتیں انہوں نے کی تھیں ان پرعمل نہیں کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اس قوم کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ندیم ملک لائیو میں نعیم الحق اور نوید قمر میں گرما گرمی

نیب سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے اس میں اصلاحات نہیں کیں، یہ قانون ایک آمر کا بنایا ہوا قانون ہے۔

محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ نیب میں اصلاحات سے متعلق نوازشریف سے بات بھی کی تھی۔

پاکستان کا بچہ بچہ منہگائی سے پریشان ہے،مولا بخش چانڈیو

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب پر تنقید کرتی تھی، آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کرنے کا کہا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صرف حکومت میں آںے کے لیے عوام سے بڑی بڑی باتیں کیں، انہیں تو کچھ نیا کرنا چاہیئے تھا کیونکہ یہ نئی قیادت تھی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ منہگائی سے پریشان ہے۔

پروگرام کے آخر میں مولا بخش چانڈیو اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے درمیاں تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم میزبان نے مداخلت کرکے موضوع تبدیل کردیا۔


متعلقہ خبریں