بلاول کا 17مئی کو نیب میں پیش ہونے سے انکار

فائل فوٹو


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 17 مئی کو قومی احتساب بیورو(نیب) میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کوپارک لین کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بذریعہ خط نیب کو مطلع کیا ہے کہ طلبی کا نوٹس تاخیر سے وصول ہوا لہـذا 17 مئی کو پیش ہونا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول ایک بار پھر نیب راولپنڈی طلب

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کے مطابق طلبی کا سمن آٹھ مئی کو جاری ہوا لیکن ہمیں 13 مئی کو ملا لہذا 17مئی کو بلاول بھٹو مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے نیب سے استدعا کی ہے کہ آئندہ ہفتے میں کسی دن کی تاریخ دی جائے۔

قبل ازیں 20مار چ کو بھی بلاول اپنے والد آصف علی زرداری کے ہمراہ  نیب کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں جہاں ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق صدر سے پارک لین کمپنی سمیت 2کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارک لین کمپنی ان کی پیدائش سے پہلے قائم ہوئی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ مذکورہ کیس میں نامزد ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں اور انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پارک لین کمپنی میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو 25،25 فیصد کے شراکت دار ہیں۔

نیب کو شبہ ہے کہ مذکورہ کیس میں اربوں روپے کی ترسیلات زر جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی گئی ہیں اور 2008 میں کمپنی کی دستاویز پر آصف علی زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط  بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر منی لانڈرنگ کا کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے جس میں ملزمان نے 22 مئی 2019 تک ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں