گیم آف تھرونز کی آخری قسط سے قبل ہی بڑا اعلان ہوگیا

گیم آف تھرونز کا پری کوئل : 5500 سال قبل کے واقعات کی فلمبندی شروع

اگر آپ گیم آف تھرونز کے چاہنے والوں میں سے ہیں اور اس کے اختتام پذیر ہونے پر افسردہ ہیں توآپ کے لیے خوشخبری ہے کہ ’بلڈ مون‘ کے نام سے اس کے پری کوئل کی فلم بندی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اتوار کو آٹھ برسوں سے جاری اقتدر کی جنگ کا فیصلہ ہو جائے گا اور پوری دنیا جان جائے گی کہ گیم آف تھرونز میں آخری فاتح کون ہو گا۔

اس سیزن کے آغاز میں تخت شاہی پر براجمان ہونے کے حقدار ڈینیریس اور جان اسنو سمجھے جا رہے تھے تاہم اب صورتحال مختلف ہو گئی ہے۔ گزشتہ اتوار کو جاری ہونے والی قسط کے باعث ان کا حق حکمرانی بہت حد تک کمزور پڑ چکا ہے۔

اگرچہ جان اسنو کو لوگ اب بھی پسند کرتے ہیں لیکن اس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ تخت نشین ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ اسی طرح ڈینیریس پوری طرح میڈ کوئین کی شکل میں سامنے آئی ہے اور اس وجہ سے لوگوں کے دل سے اتر گئی ہے۔

اس پس منظر میں اقتدار کے لیے تین بہترین متبادل سانسا، آریا اور ٹائرین کے کردار میں سامنے آئے ہیں۔ جینڈری اگرچہ اس مقابلے میں موجود نہیں لیکن شاہی خون رکھنے کی وجہ سے اس کے امکانات بہرحال موجود ہیں۔

یہ بات اب ناگزیر نظر آ رہی ہے کہ گیم آف تھرونز کا اختتام تمام ناظرین کے لیے خوش کن نہیں ہو گا، ایک بڑی تعداد بہرحال ناخوش رہے گی۔

اس تمام پس منظر میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ’بلڈ مون‘ کے نام سے گیم آف تھرونز کے پری کوئل کی فلمبندی شروع ہو گئی ہے۔

اس نئی سیریز میں گیم آف تھرونز کی ٹائم لائن سے 5500 سال پہلے کی کہانی شروع ہو گی اور یہ چلڈرن آف دی فورسٹ کے اردگرد گھومے گی۔ یہ بات یاد رہے کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے نائٹ کنگ کو تخلیق کیا تھا۔

اس کی فلم بندی بیلفاسٹ میں شروع ہو گئی ہے اور یہ وہی جگہ ہے جہاں گیم آف تھرونز کو فلمایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پری کوئل میں نومی واٹس کو شامل کیا گیا ہے اور یہ ویسٹروس کی تاریخ کے راز عیاں کرے گی جس میں وائٹ واکرز بھی شامل ہیں۔

اس سیریز کی مصنفہ اور پروڈیوسر جوناتھن راس کی اہلیہ، جین گولڈ مین ہیں اور اطلاعات کے مطابق یہ بہت بڑے بجٹ کی سیریز ہو گی۔

 


متعلقہ خبریں