14 ڈالر کے عوض واٹس ایپ پابندیوں کا توڑ دستیاب


نئی دہلی: بھارت میں صرف 14 ڈالر خرچ کرکے واٹس ایپ کی پابندیوں سے بچنے کے لیے سافٹ وئیر کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی ڈیجٹیل مارکیٹ سے جڑے لوگ اور سیاسی کارکنان صرف 14 ڈالر کا سافٹ وئیر استعمال کرکے پابندیوں سے بچ رہے ہیں۔

رائٹرزکے مطابق بھارت میں فیس بک انتظامیہ کے لیے یہ سرگرمیاں روکنا سب سے بڑاچیلنج  بن گیا ہے جہاں 20 کروڑ سے زائد اس ایپ کے صارفین ہیں۔

بھارت میں انتخابات کے موقع پرزیادہ سے زیادہ ووٹرز کو قائل کرنے اور پروپیگنڈے کے لیے اس کا بے تحاشا استعمال دیکھنے میں آرہا ہے۔

بھارت میں پرہجوم تشدد سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے پر واٹس ایپ نے ایک پیغام کو صرف پانچ افراد کو بھیجنے تک محدود کردیا تھا تاہم ان سافٹ وئیرز کی بدولت ان پابندیوں کو نظرانداز کرکے ایک پیغام کو ہزاروں افراد تک بھی بھیجا جارہا ہے۔

واٹس ایپ کو تین طریقوں سے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آن لائن مفت ایپس، سافٹ وئیرز اور ویب سائٹس کا استعمال کرکے کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں نے ہزاروں لوگوں تک اپنے پیغامات پہنچائے۔

بھارت میں انتخابات کا طویل عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں ساتواں اور آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا، بھارتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔


متعلقہ خبریں