شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ کی تردید

مریم اورنگزیب پر حملہ سیاسی مخالفین کی تربیت بتاتی ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ کے حوالے سے خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پوتی اور اپنے ٹیسٹ کرانے لندن گئے ہیں اور بجٹ سے پہلے پاکستان واپس آ جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل نے خبر نشر کی تھی کہ شہباز شریف نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پیمرا سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

’شہبازشریف، نوازشریف کے لیے وطن واپس نہیں آئیں گے‘

چیئرمین پیمرا کو بذریعہ خط مطلع کیا گیا ہے کہ بدھ 15مئی کو مذکورہ نیوز چینل نے بریکنگ نیوز چلائی کہ شہباز شریف نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ خط کے متن میں شامل ہے کہ مذکورہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور شرانگیزی پر مبنی ہے۔

ن لیگ کا موقف ہے کہ اس خبر سے پاکستان کی نمایاں اور مقبول ترین عوامی سیاسی جماعت، اس کے صدر اور قائد حزب اختلاف کی ساکھ، وقار اور نیک نامی کو شدید دھچکا پہنچایا گیا۔ من گھڑت خبر سے شہباز شریف کو ناحق ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا کیا گیا۔

ن لیگ کی طرف سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ قاعدے و قانون کے تحت نجی چینل کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔


متعلقہ خبریں