ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، موسم خوشگوار



اسلام آباد: بلوچستان میں طوفان اور بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا۔ ملک بھر میں جاری بارشوں کا سلسلہ ہفتہ تک جاری رہے گا جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں شروع ہونے والی ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے مزید دو روز جاری رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان  ڈویژن  میں بدھ سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ ہفتہ تک جاری رہے گا جبکہ پنجاب کے جڑواں شہروں سمیت گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی آندھی اور  گرچ چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو گی۔

آئندہ دو روز کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو گی جن میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور کراچی ڈویژن شامل ہیں جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ تھا تاہم اب ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ شہر قائد میں جمعرات کو ہلکی اور جمعہ کو تیز بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں ملک بھر میں بارش کا امکان، گرمی کی شدت میں کمی

ملک بھر میں جاری بارشوں کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ بلوچستان میں طوفان اور بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے کے بعد چمن میں تیز بارش اور طوفانی ہوائیں چلیں۔

دکی کے ندی نالوں میں طغیانی اور طوفانی بارش سے 15 سے زائد گھروں کی دیواریں گر گئیں۔

پنجاب کے بھی بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز ہلکی اور تیز بارش ہوئی جبکہ بادلوں نے بھی ڈیرے ڈالے رکھے۔ لاہور میں گزشتہ روز کئی گھنٹے جاری رہنے والی ہلکی بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کوٹلی 26 ملی میٹر، بہاولنگر 25 ملی میٹر، مالم جبہ 16 ملی میٹر، بہاولپور 12 ملی میٹر، ساہیوال 9 ملی میٹر، جیکب آباد، ژوب، ڈی جی خان 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیر آباد، سکرنڈ 44 ڈگری سینٹی گریڈ اور میر پور خاص میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں