کوئٹہ :گزشتہ سوموار کو ہوئے دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 5 ہوگئی


کوئٹہ :بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ سوموار کو ہوئے دھماکے میں  شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 5ہوگئی ہے ۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے حوالدار عقیل احمد ملک زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے چل بسے۔

بلوچستان پولیس کے حوالدار عقیل احمد ملک گزشتہ سوموار کی رات کوکوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن  میں ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے۔

عقیل ملک سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سنٹر میں زیر علاج تھے،ڈاکٹروں کی جانب سے زخمی پولیس اہلکار کے دو آپریشن کئے گئے تھے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حوالدار عقیل احمد ملک  آج یعنی جمعرات کے روز زخموں  کی تاب نہ لاتے ہوئےعلی الصبح خالق حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم پولیس اہلکار عقیل احمد ملک  کے پسماندگان میں ایک بیوہ اور پانچ بچے شامل ہیں ۔ مرحوم عقیل احمد کی میت ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے ۔عقیل احمد ملک کو  آج کوئٹہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

واضع رہے کہ سوموار اور منگل کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں الہدا مسجد کے سامنے اس وقت دھماکہ ہوا تھا جب لوگ نماز عشا اور تراویح پڑھنے کے لیے مسجد میں داخل ہو رہےتھے۔

سوموار کو ہونے والے کوئٹہ دھماکے میں پہلے ہی چار پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرچکے تھے جبکہ عقیل احمد سمیت 12افراد سول اسپتال کے ٹراماسنٹر میں زیر علاج تھے۔

یہ بھی پڑھیے:کوئٹہ میں دھماکہ، چار پولیس اہلکارشہید نو افراد زخمی

کوئٹہ پولیس کےمطابق دھماکہ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے مسجد کے سامنے کھڑے کیے گئےموٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد سے ہوا تھا۔ دھماکہ عین اسی مقام پر ہوا جہاں پولیس اہلکار نمازیوں کی حفاظت پر مامور تھے۔

ڈی آئ جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے ہم نیوز کو بتایاہے کہ واقعہ کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ توقع ہے کہ جلد ہی واقعہ میں ملوث ملزمان تک پہنچ جائنگے۔

انہوں بتایا کہ سیٹلائٹ ٹاون دھماکے بعد کوئٹہ شہر کی تمام مساجد اور مذہبی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کوئی اور ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔


متعلقہ خبریں