بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ بنادیا ہے،پاکستان



اسلام آباد:دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ بھارت نے  مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ بنادیاہے۔  بھارتی قابض افواج نے آج مقبوضہ کشمیر میں پانچ نہتے کشمیریوں کو شہید کردیاہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام  آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ  بھارت کی طرف سے مقوبضہ کمشیر کے اکثر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کمشیر میں دو بچیوں سے زیادتی کی مذمت کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے اور انکی فی الفور رہائی  کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  کشمیری آزادی کی داستان اپنے خون سے لکھ رہے ہیں ۔انکے خون کی قیمت کوئی ادا نہیں کر سکتا ۔

ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ بشکیک میں ایس سی او وزرائے  خارجہ اجلاس میں پاکستان 21 مئی کو شرکت کریگا۔ ایس سی او معاشی استحکام اور تعاون کے فروغ کے لئے اہم فورم ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  وزیراعظم سربراہ اجلاس میں 13 اور 14 جون کو متوقع طور پر شرکت کریں گے ۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ خطے میں امریکہ ایران کشیدگی پر تشویش ہے ۔  دونوں ممالک تنازعات پرامن طریقے سے حل کریں تو خطے کے امن کے لیے بہت اچھا ہے۔ امریکہ اور ایران گفتگو اور بات چیت سے معاملہ حل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ سے پاکستانیوں کا ڈی پورٹ ہونا دو طرفہ تعلقات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔اس معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ تصدیقی عمل کے بعد ہی کسی کو واپس لیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان پر امریکہ نے ویزہ پابندی نہیں لگائی، وزیرخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ   50پاکستانی امریکہ سے ڈی پورٹ ہوئے۔ڈی پورٹ ہونے والوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان لایا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق  3500 پاکستانی قیدی متحدہ عرب امارات سے رہا کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی سے 262 ،اجمان سے 65 ، فجیرہ سے 62  اور شارجہ 52 پاکستانی قیدی رہا ہونگے۔


متعلقہ خبریں