سانحہ کوٹ رادھا کشن:سزائے موت کے خلاف 5 مجرموں کی اپیلیں خارج


لاہور ہائیکور ٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے 5مجرمان کی سزائے موت کے خلاف  اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 5 افراد کی اپیلیں مسترد جبکہ 3افراد کی  اپیلیں منظور کرلی ہیں۔

جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر آج ہی فیصلہ محفوظ کیاگیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ کوٹ رادھا کشن میں سزا پانے والے 8 مجرمان نےلاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے مجرمان  عرفان، ریاض اور مہدی خان وغیرہ کی چار مرتبہ سزائے موت برقرار رکھی ہے ۔

عدالت کی طرف سے  حنیف اور حافظ اشتیاق سمیت 3 ملزمان کی اپیلیں منظورکرتے ہوئے انہیں  بری کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پانچوں مجرمان کو چار چار مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔ حارث، ارسلان اور منیر نامی ملزمان  کو دو دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مجرمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے قانون کو مد نظر رکھے بغیر فیصلہ جاری کیا۔ تمام مجرمان کو مقدمہ میں بعد میں نامزد کیا گیاتھا۔ تمام مجرمان کو بری کرنے کا حکم دیا جائے۔

سرکاری وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ تمام مجرمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں،مجرمان کی طرف سے دائر درخواست  خارج کی جائے۔

یاد رہے 2014 میں کوٹ  رادھا کشن میں بھٹے پر کام کرنے والے مسیحی جوڑے کو توہینِ قرآن کے الزام میں سو سے زائد مشتعل افراد نے تشدد کے بعد بھٹی میں زندہ جلا دیا تھا۔

اس کیس میں 105 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے  18 روزبعد کوٹ رادھا کشن واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔


متعلقہ خبریں