پنجاب اسمبلی:قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی تبدیلی کا مشورہ

پنجاب اسمبلی:قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی تبدیلی کا مشورہ

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔ پی پی پی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سے اہم امور میں مشاورت نہ کرنے کا بھی گلہ کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز شریف اپنے ذاتی اور خاندانی مقدمات میں الجھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پاس پارلیمانی امورکے لیے وقت ہی نہیں ہے۔

پی پی پی کے ڈویژنل صدرنے کہا کہ حمزہ شہباز شریف اورحزب اختلاف کے درمیان رابطوں کے فقدان کے باعث حکومت کو ’ٹف ٹائم‘ نہیں دیا جارہا ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے خبردار کیا کہ حزب اختلاف نے اگر مؤثراپوزیشن نہ کی تو عوام کبھی بھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی ترجمانی کرتی رہے گی۔

پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) حزب اختلاف کی بڑی جماعت ہے لہذا وہ حمزہ شہباز شریف کی جگہ کسی اور کو قائد حزب اختلاف نامزد کردے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے پارلیمانی فیصلوں میں آزاد ہے اور ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف ایسا شخص ہونا چاہیے جو پارلیمانی امور کو وقت دے اور مؤثر اپوزیشن کرسکے۔

پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے ترجمان سید حسن مرتضیٰ  نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پنجاب کے عوام کی نظریں حزب اختلاف پہ مرکوز ہیں اور ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق سید حسن مرتضیٰ نے واضح کیا کہ ہم پی ایم ایل (ن) کے پابند نہیں ہیں کہ وہ دل میں جو سوچے ہم اس پر عمل بھی کریں۔

پی پی پی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نے واضح کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب کے بائیکاٹ کے حوالے سے پی ایم ایل (ن) نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم پی ایم ایل (ن) کے پابند نہیں ہیں کہ وہ دل میں جو سوچے ہم اس پر عمل بھی کریں۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے بائیکاٹ کافیصلہ نہیں کیا ہے اور ہم ہونے والے انتخاب میں بھرپور حصہ لیں گے۔


متعلقہ خبریں