مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک


کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس کے نتیجے میں نو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں چار سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی اور دیگر سیکورٹی فورسز نےجمعرات کو مستونگ کے پہاڑی علاقے قابو کوہ مہران  میں دہشت گردوں کی موجودگی کےاطلاع پر آپریشن کا آغاز کیا جس میں  اب تک کے اطلاعا ت کے مطابق نو دہشت گرد ہلاک ہوے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے چار جوان بھی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر کوئٹہ منتقل کر دیا گیاَ۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ :گزشتہ سوموار کو ہوئے دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 5 ہوگئی

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جو علاقے میں کافی عرصے سے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے-

یاد رہے کہ مستونگ کا علاقہ صوبے کے ان حساس اور شورش زدہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں ماضی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں-

واضح رہے سرچ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا ہے۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں جہاں سے لاشیں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی جارہی ہیں۔

یاد رہے سی ٹی ڈی نے یہ آپریشن پیر اور منگل کی درمیانی شب کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن کے دھماکے کے بعد کیا ہے جس میں پولیس کے  پانچ جوان شہید اور گیارہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

الہدا مسجد کے سامنے دھماکہ اس وقت ہوا تھا جب لوگ نماز اور تراوی پڑھنے کے لیے مسجد میں داخل ہو رہے تھے جس کے بعد سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعہ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کی تھی۔


متعلقہ خبریں