’ڈالر 150 روپے تک پہنچ سکتا ہے‘


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ جو کچھ آج روپے کے ساتھ ہوا اس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈالر کے 150 روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے پاکستان کے معاشی حالات کسی طرح بھی اچھے نہیں جبکہ ڈالر کی قیمت کا اتنا زیادہ بڑھنا تشویشناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام میں نہ ہوتے تو روپے چھاپ کر کام چلایا جاسکتا تھا لیکن اب یہ کرنا بھی ممکن نہیں۔

یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی مہنگائی کروا رہا ہے، محمد زبیر

سابق گورنر سندھ اور رہنما پاکستان مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی مہنگائی کروا رہا ہے، میں اپنی معیشت کو سست روی کا شکار بنانے پریقین نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مارکیٹ میں ایک افراتفری کی کیفیت ہے، بدقسمتی سے جس پارٹی نے سالوں حکومت میں آنے کا انتظار کیا وہ آج اہم عہدوں پر تعینات افراد سے لاعلم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اپنے اور اراکین کے انکم ٹیکس گوشوارے اسمبلی میں پیش کریں، ندیم ملک 

محمد زبیر نے کہا کہ پوری معاشی ٹیم کو اس وقت بدلنے کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے کیے جانے والے دعوے تاریخ کا حصہ ہیں کیونکہ یہ کوئی نہیں کرسکتا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان  کہتے تھے کہ روز دس سے 12 ارب روپے کی کرپشن کی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس کوئی پالیسی نہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ حماد اظہر کو معاشی ٹیم کا حصہ کیوں بنایا گیا؟ انہیں تو معیشت کا کچھ معلوم ہی نہیں۔

کیا آئی ایم ایف کا پروگرام  پہلی مرتبہ آیا ہے؟ ہمایوں اختر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے آئی ایم ایف کا پروگرام ملک میں پہلی مرتبہ آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے متعلق پارٹی میں مختلف نظریات تھے جس کے باعث آخر میں وزیراعظم نے مداخلت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو غلطی ہونی تھی وہ ہوگئی، جو بھی وزارت خزانہ میں آیا وہ بھاگا بھاگا آئی ایم ایف کے پاس گیا۔ ہم غریب آدمی کو ریلیف دیں گے۔

ہمایوں اختر نے کہا کہ آئی ایم ایف  کی گولی ہمیشہ بہت کڑوی ہی ہوتی ہے کیونکہ اس سے قرضہ لینے سے قوم کو تکلیف پہنچتی ہے لیکن ہم ماضی کو بھول جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں