اسپیکر قومی اسمبلی کا یتیم بچوں کے ساتھ افطار


اسلام آباد :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان سویٹ ہومز کے یتیم بچوں کے ساتھ افطارکیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرے کے مخیر افراد آگے نہیں بڑھیں گے، ترقی نہیں ہوسکتی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پورے ملک میں خیراتی کام کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے،حکومت ہر کام نہیں کرسکتی، سب کو مل کر تعاون کرنے کی ضرورت ہے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے کسی کی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، اسد قیصر

اسد قیصر نے کہا کہ میرے حلقے میں ایک ہزار کنال زمین  اسکول اور اسپتال کی تعمیر کے لیے مختص کردی گئی ہے جبکہ اسٹریٹ چلڈرن، خصوصی بچوں اور خواتین کے لیے اسمارٹ ٹاؤنز بنا رہے ہیں۔

پاکستان سویٹ ہومز کے پیٹرن ان چیف زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہومز میں تمام بچوں اور بچیوں کو اعلی تعلیم کے ساتھ ہر سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں یہ بچے  باوقار شخصیات بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز نے ہزاروں یتیم بچوں کی پرورش کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔

افطار میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، ایم این اے راشد شیخ، شاہین سیف اللہ اور دیگر سیاسی اور تجارتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔


متعلقہ خبریں